انس الشریف ۔۔۔۔۔۔ ایک نڈر صحافی

 


انس الشریف۔۔۔ ایک نڈر صحافی 

ایک عظیم مجاہد،

دشمنوں کی صفوں کو للکارنے والا،

ہمت و استقلال کا پہاڑ،

شہر عزیمت کا سپاہی،

بے باک و جانباز صحافی،

بموں اور راکٹوں سے ٹکرانے والا،

بندوق کی گولیوں سے تیز و طرار آواز کے ساتھ،

غزہ کے چپے چپے کی رپورٹنگ کرنے والا،

حقائق کو سامنے لانے والا،

اسرائیل کی ناک میں دم کرنے والا،

سچ کی تیز آواز سے اسرائیلی افواج کی اینٹ سے اینٹ بجانے والا،

بھوکے پیاسے رہ کر اپنے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے والا،

الجزیرہ کا ہیرو نامہ نگار،

لاکھوں لوگوں کی دھڑکن،

بار بار نقصان اور غموں کو جھیلنے والا،

تمام تر پریشانیوں اور مصیبتوں کے باوجود،

سچ کہنے سے پیچھے نہ ہٹنے والا،

یتیموں، معصوموں اور مظلوموں کا لاڈلا،

فلسطین کی آواز، غزہ کا سہارا،

پیاری بیٹی "شام" کا ایک بہادر باپ،

عزیز بیٹے "صلاح" کے ایک دلیر والد،

پیاری والدہ کا ایک ہونہار بیٹا،

وفادار بیوی "ام صلاح بیان" کا ایک عظیم شوہر،

بہادری، دلیری، جرات مندی، بےباکی، 

شجاعت، استقامت و ثبات کی ایک زبردست مثال،

دنیا کے سامنے گونجنے والی آواز، 


مگر آہ وہ آواز آج خاموش ہو گئی،

جو دنیا کو چیخ چیخ کر کہتی تھی،

یہاں غزہ ہے، یہاں حقیقت ہے، یہاں سچ ہے، 

کیسے یقین کروں کہ وہ چہرہ جو جنگ کی ہولناکیوں میں بھی مسکراتا تھا،

آج زمین کے نیچے دفن ہے، 

وہ صحافی جو ملبے کے ڈھیر میں امید تلاش کرتا تھا،

آج ملبے کا خود حصہ بن گیا، 

وہ جو ماں کے آنسو،

بچوں کی چیخ،

اور شہیدوں کے خون کو دنیا تک پہنچاتا تھا،

آج خود ایک خبر بن گیا،

تیری آواز خاموش ہے،

مگر تیرا خون ضمیر جنجھوڑنے والی شہ سرخی ہے،

سو جاؤ انس، سکون و چین کی نیند لے کر سو جاؤ!!

تم نے غزہ کو آخری سانس تک نہیں چھوڑا،

غزہ تمہیں کبھی نہیں بھولے گا،

تم نے صحافت کا حق ادا کیا،

آخری رپورٹ اپنے خون سے لکھ دی،

اب تم ہم سب کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ ہو_


اللہ تعالیٰ انس الشریف، محمد قریقع، ابراہیم اور دیگر تمام صحافیوں کی شہادت کو قبول فرمائے،

غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کی نصرت و مدد فرمائے_ آمین!

ظفر ہاشم مبارکپوری 

12/ اگست 2025ء

17/صفر المظفر 1447ھ


Comments

Popular posts from this blog

من مجريات الحياة اليومية -1

ڈاکٹر اورنگزیب اعظمی صاحب کا ایک قابل قدر عربی ترجمہ

اسرائیلی میزائلوں اور بمباریوں سے بچ کر کہاں جائیں